جے پور،19دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجستھان میں این ڈی ا ے کی واحد اتحادی جماعت نیشنل لوک تانترک پارٹی (آر ایل پی) کے سربراہ نے این ڈی اے سے علیحدگی کا عندیہ دیا ہے۔
آج آر ایل پی کے سربراہ اور ناگور کے رکن پارلیمنٹ ہنومان بینی وال نے پارلیمنٹ کی تینوں الگ الگ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کردیاہے، تاہم 26 دسمبر کو فیصلہ کیا جائے گا کہ کیا این ڈی اے کے ساتھ اتحاد برقرار رہے گا یا نہیں۔آر ایل پی کے سربراہ نے زرعی قانون کیخلاف احتجاج میں دھرنے پر بیٹھے کسانوں کی حمایت کے لئے 26 دسمبر کو دہلی کا سفر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بینی وال 2 لاکھ حامیوں کے ساتھ 26 دسمبر کو دہلی روانہ ہوں گے۔ آج جے پور میں ایک میٹنگ کے بعد بینی وال نے کہا کہ ان کی پارٹی ہمیشہ کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اوراس کی حمایت کرتی رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کسان مرکزی سرکار کے اس بل پر ناراض ہیں۔واضح ہوکہ لوک سبھا انتخابات 2019 میں آر ایل پی نے مرکز میں این ڈی اے کے ساتھ اتحاد میں راجستھان کی ایک نشست پر مقابلہ کیاتھا۔ پارٹی سربراہ نے خود ناگور سے انتخاب لڑا ، جس میں انہوں نے بی جے پی کی حمایت سے کامیابی حاصل کی ہے اور پارلیمنٹ میں پہنچے تھے۔ اس سے قبل آر ایل پی نے صرف 2018 میں اسمبلی انتخابات لڑے تھے ، جس میں پارٹی کو تینوں نشست پر جیت حاصل ہوئی تھی۔